جسٹس طارق جہانگیری سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ

جسٹس طارق جہانگیری سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس طارق محمود جہانگیری کو کام سے روکنے کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

 ذرائع کے مطابق جسٹس طارق محمود جہانگیری سپریم کورٹ میں اپنا کیس خود لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اس سلسلے میں جلد اپیل دائر کریں گے۔تفصیلات کے مطابق جسٹس طارق محمود جہانگیری، جسٹس بابر ستار، جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس سردار اعجاز اسحاق اور جسٹس ثمن امتیاز سپریم کورٹ پہنچ گئے ہیں۔ یہ پانچوں ججز جسٹس طارق جہانگیری کو کام سے روکنے کے خلاف مشترکہ طور پر درخواست دائر کرنے کے لیے عدالتِ عظمیٰ گئے ہیں۔یاد رہے کہ 16 ستمبر کو مبینہ جعلی ڈگری کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کو عدالتی امور سے روک دیا تھا۔ عدالت کا مؤقف تھا کہ سپریم جوڈیشل کونسل کے فیصلے تک وہ جوڈیشل ورک انجام نہیں دے سکتے۔

مزید یہ کہ جسٹس طارق محمود جہانگیری نے 17 ستمبر کو چیف جسٹس کورٹ کی گزشتہ روز کی سماعت کی آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگ حاصل کرنے کے لیے بھی درخواست دائر کی تھی۔قانونی ماہرین کے مطابق سپریم کورٹ میں اپیل دائر ہونے کے بعد یہ معاملہ اعلیٰ عدلیہ میں ایک اہم آئینی اور عدالتی بحث کا باعث بن سکتا ہے۔