رواں سال کے دوران مختلف تھانوں میں سٹریٹ کرائم کے 2818 مقدمات درج کئے گئے
کینٹ ڈویژن سٹریٹ کرائم کے 652 مقدمات کے ساتھ سر فہرست ، صدر ڈویژن کا دوسرا نمبر
لاہور(کرائم رپورٹر)اربوں روپے کا بجٹ رکھنے والی پنجاب پولیس جرائم پیشہ عناصر کا قلع قمع کرنے میں ناکام ہو گئی،رواں سال صرف شہر لاہور کے تھانوں میں سٹریٹ کرائم کے 28 سو سے زائد مقدمات درج ہوئے ذرائع کے مطابق رواں سال کے دوران مختلف تھانوں میں سٹریٹ کرائم کے 2818 مقدمات درج کئے گئے، پولیس ریکارڈ کے مطابق کینٹ ڈویژن سٹریٹ کرائم کے 652 مقدمات کے ساتھ سر فہرست جبکہ صدر ڈویژن سٹریٹ کرائم کی 637 وارداتوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہاماڈل ٹاؤن ڈویژن سٹریٹ کرائم کے 600 مقدمات کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا، سٹی ڈویژن میں 352، اقبال ٹاؤن ڈویژن میں سٹریٹ کرائم کے 336 مقدمات کا اندراج کیا گیااسی طرح سول لائنز ڈویژن میں رواں سال کے دوران سٹریٹ کرائم کی 241 وارداتیں رپورٹ ہوئی ہیں، واضح رہے کہ پنجاب میں اربوں روپے کے بجٹ سمیت جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے مختلف پولیس فورسز کے قیام کے باجود بھی جرائم پیشہ عناصر کا قلع قمع نہ ہونا سوالیہ نشان ہے۔