2ماہ ، ڈکیتی ، چوری ، سٹریٹ کرائم میں ملوث707 ملزم گرفتار

لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے دو ماہ کے دوران ڈکیتی، چوری اور سٹریٹ کرائم میں ملوث 351 گینگز کے 707 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن سے مجموعی طور پر 14 کروڑ 72 لاکھ روپے مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق ملزمان سے برآمد شدہ سامان میں 622 موٹر سائیکلیں، 3 کاریں، 29 رکشے، 25 تولے سونا، 417 موبائل فونز اور دیگر قیمتی اشیاء شامل ہیں۔پولیس کی تحقیقات کے دوران ملزمان سے 1633 مقدمات بھی ٹریس کئے گئے۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاریوں کے لیے ہاٹ سپاٹ ایریاز میں جدید ٹیکنالوجی، پٹرولنگ اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کیں۔ فیصل کامران کا کہنا تھا کہ لاہور پولیس رمضان المبارک کے دوران سٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ جرائم کی روک تھام کا واحد حل مجرموں کو قانون کی گرفت میں لانا ہے اور لاہور پولیس کی مؤثر حکمت عملی کی بدولت مسلسل کامیابی حاصل ہو رہی ہے۔ فیصل کامران نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے گردونواح میں مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ مجرموں کے خلاف بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔