سیلاب نقصانات، پاکستان پانی کے ریکارڈ ذخائر کے ساتھ ربیع سیزن کا آغاز

 کئی سال بعد ربیع کے سیزن میں پانی کی صورتحال معمول کے مطابق رہنے کی امید ہے
 کمی اگر ہوئی تو وہ نہ صرف کم بلکہ قابلِ برداشت اور سنبھالنے کے قابل ہوگی، سرکاری اہلکار 
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان کئی برس بعد رواں سال ربیع کے سیزن کا آغاز ایک کروڑ 30 لاکھ ملین ایکڑ فٹ پانی کے وافر ذخیرے کے ساتھ کرے گا، جس کے نتیجے میں سیلاب کے باعث ہونے والے زرعی نقصانات کو جزوی طور پر پورا کرنے میں مدد مل سکے گی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک سرکاری اہلکار نے کہا کہ ہمیں کئی سال بعد ربیع کے سیزن میں پانی کی صورتحال معمول کے مطابق رہنے کی امید ہے، کمی اگر ہوئی تو وہ نہ صرف کم بلکہ قابلِ برداشت اور سنبھالنے کے قابل ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم کئی برس بعد اگلے خریف سیزن میں بھی مناسب ذخیرہ منتقل ہونے کے بارے میں پرامید ہیں۔گزشتہ ماہ تربیلا ڈیم نے اپنی زیادہ سے زیادہ گنجائش 1550 فٹ تک رسائی حاصل کر لی تھی اور تاحال وہیں برقرار ہے۔ جبکہ منگلا ڈ یم میں پانی 1239.6 فٹ پر موجود ہے ، جو اس کی زیادہ سے زیادہ سطح 1،242 فٹ سے کچھ کم ہے، اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ پورے خریف سیزن میں دریائے جہلم کا بہا ئوکم رہا۔گزشتہ برس 2023 کے اختتام پر منگلا کی سطح 1233.25 فٹ رہی جبکہ 2024 میں 1224 فٹ ریکارڈ ہوئی، اس کا مطلب یہ ہوا کہ ملک کا سب سے بڑا ذخیرہ گذشتہ برس صرف 5.9 ملین ایکڑ فٹ تک جا سکا تھا جبکہ اس سال یہ پہلے ہی 7.1 ملین ایکڑ فٹ سے تجاوز کر گیا ہے۔ادھر تربیلا ڈیم 2023 میں 1548 فٹ اور 2024 میں 1549 فٹ پر پہنچا، جبکہ اس سال اس نے 1550 فٹ کی مکمل سطح حاصل کرلی ہے