شہبازشریف کی کوہاٹ میں تیل و گیس کے ذخائر کی دریافت پر قوم کو مبارکباد‘ ملک میں تیل و گیس کے نئے ذخائر کی دریافت ہماری ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے:وزیراعظم

  سرمایہ کاروں کو سہولتیں دینا  اولین ترجیح ہے  شہبازشریف 
معاشی استحکام اور ترقی کے لئے تمام وزارتوں کو عملی اقدامات اور کم سے کم دورانیے پر مشتمل جامع حکمت عملی مرتب کرنا ہوگی،سرمایہ کاری میں اضافے کے لئے برآمدات کو خصوصی اہمیت دی جائے
وزیر اعظم کی زیرصدارت  معیشت سے متعلقہ تمام وزارتوں میں جاری انتظامی، معاشی اصلاحات اور سرمایہ کاری میں اضافہ کی پیش رفت پر جائزہ اجلاس‘ سرمایہ کاروں کو مزید سہولیات دینے کیلئے سفارشات طلب 
 اسلام آباد(آئی این پی )وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے    سرمایہ کاروں کو سہولیات دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے، معاشی استحکام اور ترقی کے لیے تمام وزارتوں کو عملی اقدامات اور کم سے کم دورانیے پر مشتمل جامع حکمت عملی مرتب کرنا ہوگی۔ اس مقصد کیلئے وزیراعظم نے بیرونی اور ملکی سرمایہ کاروں کو مزید سہولیات دینے کیلئے  سفارشات طلب کرلیں اور ہدایت دی کہ سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے برآمدات کے شعبے کو خصوصی اہمیت دی جائے۔ نئے سال کے پہلے دن وزیراعظم  شہبازشریف کی زیر صدارت معیشت سے متعلقہ تمام وزارتوں میں جاری انتظامی، معاشی اصلاحات اور سرمایہ کاری میں اضافہ کی پیش رفت پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔جلاس میں حکومت کی جانب سے پیش کردہ اقتصادی اصلاحات پر مبنی معاشی گورننس پالیسی پر تمام وزارتوں کی جانب سے موثر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اجلاس سے  خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ تمام وزارتیں اپنے شعبوں سے متعلقہ بیرونی اور اندرونی سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے سفارشات جلد از جلد مرتب کریں۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی طرف سے پیش کردہ اقتصادی اصلاحات پر مبنی معاشی گورننس کی پالیسی پر تمام وزارتوں کی طرف سے مثر عمل درآمد ناگزیر ہے، سرمایہ کاروں کی آسانی کے لیے ادارہ جاتی اور انتظامی سہولیات حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیراعظم نے بیرونی اور ملکی سرمایہ کاروں کو مزید سہولیات دینے کے لئے سفارشات طلب کرلیں اور ہدایت دی کہ سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے برآمدات کے شعبے کی ترویج کی تجاویز اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کو خصوصی اہمیت دی جائے‘دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں ناشپا بلاک میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر کی  دریافت پر قوم کو مبارک باد دی اور متعلقہ اداروں کے کام کی تعریف کی۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پیٹرولیم ڈویژن کے امور پر اہم اجلاس ہوا جہاں آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی(او جی ڈی سی ایل)نے پیٹرولیم اور گیس سیکٹر کے روڈمیپ کے حوالے سے بریفنگ دی۔وزیراعظم شہبازشریف نے ناشپا بلاک میں تیل اور گیس کے بڑے ذخائر کی دریافت پر قوم کو مبارک باد دی اور متعلقہ اداروں کے کام کی تعریف کی۔اجلاس کے  شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں تیل و گیس کے نئے ذخائر کی دریافت ہماری ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد کی مد میں خرچ ہونے والا زر مبادلہ بچایا جا سکے۔وزیراعظم نے تیل و گیس سپلائی چین کو درآمد ہونے سے لے کر صارفین کے استعمال تک ترجیحی بنیادوں پر ڈیجیٹائز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ تیل و گیس کی ترسیل کی سپلائی چین کی ڈیجیٹائزیشن سے ان مصنوعات کی  سمگلنگ کی روک تھام ممکن ہوگی اور قومی خزانے کو فائدہ پہنچے گا