پارٹی بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر چلتی ہے نہ کہ سوشل میڈیا پر، بیرسٹر گوہر

 جب بھی کال آئی تو ہم کھڑے ہوں گے، سوشل میڈیا کو کوئی کنٹرول نہیں کرسکتا ،پارٹی کی سیاسی کمیٹی فیصلے کرتی ہے:چئیرمین 
 راولپنڈی(آئی این پی )چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ہمارا پاکستان کے خلاف کوئی ایجنڈا نہیں ہم آئین پر عمل درآمد کی بات کرتے ہیں، سوشل میڈیا میں بہت سے رضاکار بھی موجود ہیں، سوشل میڈیا کو کوئی کنٹرول نہیں کرسکتا۔ راولپنڈی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفت گو میں بیرسٹر گوہر سے صحافی نے پوچھا کہ پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا کون چلاتا ہے؟ اس پر ریاست کے خلاف جو چیزیں چلتی ہیں کیا آپ انہیں اون کرتے ہیں؟بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پارٹی کی سیاسی کمیٹی فیصلے کرتی ہے اور اس حوالے سے خان صاحب کی رہنمائی اس میں شامل ہوتی ہے، ہم پارٹی کے فیصلوں پر بریف کرتے رہتے ہیں، سوشل میڈیا میں بہت سے رضاکار بھی موجود ہیں، سوشل میڈیا کو کوئی کنٹرول نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا پاکستان کے خلاف کوئی ایجنڈا نہیں، ہم جمہوریت، آئین پر عمل داری، آزاد عدلیہ اور قومی یک جہتی کی بات کرتے ہیں، ملک بھی ہمارا ہے اور فوج بھی ہماری ہے، ہم ملک کے خلاف بات کا سوچ بھی نہیں سکتے۔بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ جب بھی پاکستان کے لئے کال آئی تو ہم کھڑے ہوں گے۔