پارلیمانی ، قائمہ کمیٹیاں بائیکاٹ ختم ، تحریک انصاف تیار
قائمہ کمیٹیوں میں واپس جا کر وہ حکومت اور حکومتی اداروں کا بہتر احتساب کر سکیں گے:پارلیمانی کمیٹی نے اپنا فیصلہ کور کمیٹی کو بھیج دیا ،تمام ساتوں چیئرمین بھی واپسی کی حمایت کر رہے ہیں ،قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو عندیہ دے دیا گیا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ )سیاسی گہما گہمی کے دوران پی ٹی آئی کا بڑا فیصلہ، پاکستان تحریک انصاف پارلیمانی اور قائمہ کمیٹیوں کا بائیکاٹ ختم کرنے پر تیار ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کے اکثریتی اراکین نے قائمہ کمیٹیوں میں واپسی کی حمایت کر دی ہے۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو بھی بائیکاٹ ختم کرنے کا عندیہ دے دیا گیا ہے۔ ذرائع قومی اسمبلی کے مطابق تحریک انصاف نے اس حوالے سے اہم حکام کو آگاہ کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے اراکین کا موقف ہے کہ قائمہ کمیٹیوں میں واپس جا کر وہ حکومت اور حکومتی اداروں کا بہتر احتساب کر سکیں گے۔ پارٹی کے پاس قومی اسمبلی کی سات قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی موجود ہے۔ تاہم سپیکر قومی اسمبلی نے ابھی تک ان کمیٹیوں کے کسی بھی چیئرمین کا استعفیٰ منظور نہیں کیا۔ فی الحال کمیٹیوں کو عبوری سیٹ اپ کے ذریعے چلایا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان بھی کمیٹیوں میں واپسی کے حامی ہیں۔ پارلیمانی کمیٹی نے اپنا فیصلہ کور کمیٹی کو بھیج دیا ہے جبکہ تمام ساتوں چیئرمین بھی واپسی کی حمایت کر رہے ہیں قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو عندیہ دے دیا۔