پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک میں تعلقات مشترکہ مذہبی، اخلاقی اور سماجی اقدار پر مبنی ہیں
سعودی عرب دنیا کی اس عظیم ثقافتی اور اخلاقی وراثت کے فروغ اور تحفظ میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے جس سے مسلم امہ گہری عقیدت اور وابستگی رکھتی ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی
اسلام آباد(آن لائن) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان کی پارلیمان اور عوام کی جانب سے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، شاہی خاندان، مجلسِ شوری اور سعودی عرب کی برادر عوام کو سعودی عرب کے 95ویں قومی دن کے پرمسرت موقع پر دلی مبارکباد پیش کی، جو 23 ستمبر 2025 کو منایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کا موضوع "سعودی مملکت کی یکجہتی اور شاندار ورثے کا جشن" اتحاد، استقامت اور ثقافتی عظمت کے احساس سے گہری مطابقت رکھتا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک میں تعلقات مشترکہ مذہبی، اخلاقی اور سماجی اقدار پر مبنی ہیں۔ انہوں نے سعودی عرب کو ایک کلیدی اسلامی ملک قرار دیتے ہوئے اس کی قیادت اور عوام کو خادمینِ حرمین شریفین کے طور پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب دنیا کی اس عظیم ثقافتی اور اخلاقی وراثت کے فروغ اور تحفظ میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے جس سے مسلم امہ گہری عقیدت اور وابستگی رکھتی ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے 18 ستمبر 2025 کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے "اسٹریٹیجک میوچول ڈیفنس ایگریمنٹ (ایس ایم ڈی اے)" پر دستخط کو ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیتے ہوئے دونوں برادر ممالک کی اعلی سیاسی و عسکری قیادت کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے پاکستان کی قیادت، جن میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیرِاعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیرِاعظم محمد اسحاق ڈار، اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر شامل ہیں، کے ویژن اور قیادت کو سراہا۔ اسی طرح انہوں نے سعودی عرب کی قیادت, خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، اور مجلسِ شوری کے اسپیکر ڈاکٹر عبداللہ بن محمد آل الشیخ کو بھی اس معاہدے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ عزم، باہمی اعتماد، اور برادرانہ تعلقات کی مضبوطی کی علامت ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ معاہدہ نہ صرف علاقائی سلامتی کو تقویت دے گا بلکہ اجتماعی ترقی و خوشحالی کے نئے باب رقم کرے گا. انہوں نے پاکستان-سعودی تعلقات کے مزید استحکام اور پوری مسلم امہ کی ترقی و استحکام کے لئے دعا کی۔