عمران خان نے پارٹی پارلیمنٹرین کے سرکاری دوروں پر پابندی عائد کر دی‘ کوئی رکن سپیکر کے وفود میں بیرون ملک نہیں جائے گا
اسلام آباد(یواین پی)پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق کے بائیکاٹ کا فیصلہ کرلیا، بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی پارلیمنٹرین کے سرکاری دورے پر پابندی عائد کر دی،ذرائع کا کہنا ہے کہ سپیکرقومی اسمبلی کی جانب سے مدعو کردہ دیگر تقریبات میں بھی پی ٹی آئی کاکوئی رکن شرکت نہیں کرے گا، بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر کوئی رکن سپیکر کے وفود میں بیرون ملک نہیں جائے گا۔قومی اسمبلی کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی کی حد تک سپیکر سے ملاقاتیں ہوں گی۔پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق اس حوالے سے پارٹی کے تمام اراکین کو مطلع کر دیا گیا ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل یہ اطلاعات سامنے آئیں تھیں کہ پاکستان تحریک انصاف اور اپوزیشن اتحاد نے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیاتھا۔پارٹی ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے وکلائاور بہنوں نے ملاقات میں اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی بات کی، بانی کو اپوزیشن اتحاد اور محمود اچکزئی کے سپیکر کے خلاف عدم اعتماد کے موقف سے آگاہ کیا تھا۔پارٹی ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا تھاکہ موجودہ حکومت کو پارلیمنٹ کے باہر اور اندر ٹف ٹائم دیں۔