21 سال بعد لاپتہ عشرت کی زندگی کا خواب پورا، آخر کار اپنے گھر واپس لوٹ آئی

21 سال بعد لاپتہ عشرت کی زندگی کا خواب پورا، آخر کار اپنے گھر واپس لوٹ آئی

لاہور:حافظ آباد سے 21 سال قبل گمشدہ ہونے والی ننھی لڑکی عشرت کو آخر کار اس کے خاندان والوں سے ملوا دیا گیا ہے۔

 یہ تاریخی کامیابی سیف سٹی اتھارٹی کی ’’میرا پیارا‘‘ ٹیم کی محنت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا نتیجہ ہے۔ 2005 میں حافظ آباد سے لاپتہ ہونے والی عشرت کی گمشدگی کا عرصہ 2025 سال ہو چکا تھا، اور اس دوران اس کا پتہ نہیں چل سکا تھا۔سیف سٹی کی ’’میرا پیارا‘‘ ٹیم نے عشرت کا انٹرویو لاہور کے ایدھی ہوم میں ریکارڈ کیا، جسے سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا۔ اس ویڈیو کو دیکھ کر ایک محلہ دار نے عشرت کو پہچان لیا اور فوری طور پر اس کے بھائی کو اطلاع دے دی۔ اس اطلاع کے بعد، ٹیم نے تمام تصدیقی مراحل مکمل کیے اور عشرت کو اس کے اہل خانہ کے حوالے کیا گیا۔ اس کے خاندان میں خوشیوں کا سماں تھا اور پورا محلہ خوشی سے جھوم اٹھا۔

ترجمان سیف سٹی کے مطابق، ’’میرا پیارا‘‘ ٹیم اب تک 40 ہزار سے زائد گمشدہ افراد کو ان کے اہل خانہ سے ملا چکی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ اگر کسی کو گمشدہ فرد کے بارے میں معلومات ہوں تو وہ 15 نمبر پر کال کریں اور تین دبائیں تاکہ متعلقہ ٹیم فوری رابطہ کرسکے۔یہ کامیابی جدید ٹیکنالوجی، کمیونٹی کی مدد، اور انسانی ہمدردی کا ایک بہترین نمونہ ہے، جو یہ ثابت کرتی ہے کہ اگر ٹیکنالوجی اور انسانیت ساتھ مل کر کام کریں تو گمشدہ امیدیں بھی گھر لوٹ آتی ہیں۔