ریڈیو پاکستان کی معروف اور سینئر نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ نے 45 سالہ طویل رفاقت کے بعد ریڈیو پاکستان کو خیرباد کہہ دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں عشرت فاطمہ نے روایتی انداز میں اجازت طلب کرتے ہوئے کہا کہ آج وہ ریڈیو پاکستان کے ساتھ اپنی 45 سالہ وابستگی کو الوداع کہہ رہی ہیں۔ انہوں نے رخصت ہونے سے قبل دل کی گہرائیوں سے ریڈیو پاکستان اور اپنے سامعین کا شکریہ ادا کیا۔عشرت فاطمہ نے جذباتی انداز میں کہا کہ گزشتہ چار دہائیوں سے زائد عرصے تک ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن نے انہیں بے پناہ عزت اور محبت دی، اور سامعین و ناظرین کے دلوں میں آج تک مقام حاصل کرنا کسی اعزاز سے کم نہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ سب ان کے اللہ اور والدین کا کرم ہے، اگر وہ آج کسی مقام پر ہیں تو یہ ربِ کریم کا احسان ہے۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ کرنا آسان نہیں تھا، مگر یقیناً یہی ان کے مقدر میں لکھا تھا۔ انہوں نے دعاؤں میں یاد رکھنے کی اپیل بھی کی۔
ویڈیو پیغام کے اختتام پر عشرت فاطمہ نے ریڈیو پاکستان سے اجازت طلب کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں، ان کے ساتھیوں، اس ادارے اور پاکستان کو اپنی حفاظت میں رکھے، اور آخر میں “پاکستان زندہ باد” کا نعرہ لگایا۔عشرت فاطمہ نے علیحدگی کی وجوہات سے متعلق کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ دوسری جانب صحافیوں، براڈ کاسٹنگ سے وابستہ شخصیات اور سوشل میڈیا صارفین نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کے طویل اور شاندار کیریئر کو خراجِ تحسین پیش کیا۔