ایمیزون نے ڈرائیورز کے لیے جدید اے آئی اسمارٹ گلاسز کا آغاز کیا

ایمیزون نے ڈرائیورز کے لیے جدید اے آئی اسمارٹ گلاسز کا آغاز کیا

ویب ڈیسک: ایمیزون نے اپنی ڈلیوری سروس میں نئی ٹیکنالوجی کا انقلاب برپا کر دیا

ایمیزون نے اپنی ڈلیوری سروس میں ایک جدید اور انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے اے آئی سے چلنے والے اسمارٹ گلاسز متعارف کروائے ہیں۔ یہ گلاسز ڈرائیورز کو ہینڈز فری انداز میں کام کرنے کی سہولت فراہم کریں گے، جس سے پیکج اسکیننگ، پتہ تلاش کرنے اور ڈیلیوری کی تصدیق جیسے اہم مراحل تیز اور زیادہ محفوظ طریقے سے انجام دیے جا سکیں گے۔کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ اے آئی گلاسز ڈرائیورز کی کارکردگی کو بہتر بنانے، درستگی میں اضافہ اور کام کے دوران حفاظت کو یقینی بنانے میں مدد فراہم کریں گے۔ ان گلاسز میں جدید کیمرے، سینسرز اور کمپیوٹر ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے، جو ڈرائیور کو پیکج کی تفصیلات، راستوں کی ہدایت اور دیگر فوری معلومات فراہم کرتے ہیں۔ جیسے ہی ڈلیوری ایسوسی ایٹ کسی مقام پر گاڑی پارک کرتا ہے، یہ گلاسز خودکار طور پر فعال ہو جاتے ہیں اور ان کی سکرین پر تمام ضروری تفصیلات اور ہدایات ظاہر ہوتی ہیں، تاکہ ڈرائیور کو فون کے بغیر کام انجام دینے میں آسانی ہو۔

نظام سب سے پہلے گاڑی کے اندر درست پیکج کی شناخت کرتا ہے، پھر ایمیزون کی جیو اسپیشل ٹیکنالوجی کی مدد سے عین ڈیلیوری پوائنٹ تک کا راستہ آنکھوں کے سامنے دکھاتا ہے۔ یہ گلاسز خطرناک اور پیچیدہ علاقوں میں، جیسے بڑی عمارتیں یا کم روشنی والے راستے، میں ممکنہ رکاوٹوں اور خطرات کی وارننگ بھی فراہم کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں، یہ ڈیوائسز ایک کنٹرول یونٹ سے جڑی ہوتی ہیں جس میں ریچارج ایبل بیٹری، آپریشنل کنٹرولز اور ایمرجنسی بٹن شامل ہیں۔ایمیزون کا مزید کہنا ہے کہ یہ گلاسز پریسکرپشن لینسز اور فوٹوکرومک لینسز کے ساتھ بھی دستیاب ہوں گے، جو روشنی کے مطابق خود کو ایڈجسٹ کرتے ہیں۔ یہ جدید گلاسز اس وقت شمالی امریکہ میں آزمائشی بنیادوں پر استعمال کیے جا رہے ہیں، اور کمپنی اس پائلٹ مرحلے میں نظام کی کارکردگی، آرام دہ ڈیزائن اور اے آئی کی فعالیت کو بہتر بنانے کے لیے ڈرائیورز سے رائے حاصل کر رہی ہے۔