میامی ایئرپورٹ پر ایمیزون کا کارگو طیارہ خوفناک حادثے کا شکار، رن وے سے آگے نکل کر گاڑیوں سے ٹکرا گیا

میامی ایئرپورٹ پر ایمیزون کا کارگو طیارہ خوفناک حادثے کا شکار، رن وے سے آگے نکل کر گاڑیوں سے ٹکرا گیا

امریکا کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں شامل میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایمیزون کا کارگو طیارہ خوفناک حادثے کا شکار ہوگیا۔

 لینڈنگ کے دوران طیارہ رن وے سے آگے نکل گیا اور متعدد گاڑیوں سے ٹکرا گیا، جس کے بعد طیارے میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق حادثہ اتوار کی دوپہر اس وقت پیش آیا جب ایمیزون پرائم ایئر کے لیے پرواز کرنے والا بوئنگ 767 کارگو طیارہ پورٹو ریکو سے میامی پہنچا۔امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق 21 ایئر کی پرواز 7598 مقامی وقت کے مطابق تقریباً 2 بجے میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد رن وے سے آگے نکل گئی۔حادثے کے فوری بعد طیارے میں شدید آگ بھڑک اٹھی جبکہ آسمان پر سیاہ دھوئیں کے گہرے بادل چھا گئے۔ میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حکام کے مطابق طیارہ رن وے سے نکلنے کے بعد ایئرپورٹ کے شمال مغربی حصے میں جا کر رک گیا۔

حادثے کے بعد ایئرپورٹ کی تمام رن ویز اور ٹیکسی ویز عارضی طور پر بند کردی گئیں۔ حکام نے ایئرپورٹ پر ایئر اور گراؤنڈ اسٹاپ نافذ کرتے ہوئے پروازوں کی آمد و رفت روک دی، جس کے باعث مسافروں کو شدید تاخیر اور ممکنہ پروازوں کی منسوخی کا سامنا کرنا پڑا۔میامی ڈیڈ فائر ریسکیو کی 60 سے زائد گاڑیاں اور اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے، جہاں امدادی کارروائیوں کے ساتھ متاثرہ افراد کی جانچ پڑتال بھی شروع کردی گئی۔امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے حادثے کی تحقیقات کا اعلان کردیا ہے۔ حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، تاہم فوری طور پر جانی نقصان یا زخمیوں کی حتمی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔