ایمیزون نے بھارت میں اپنے ڈیلیوری اہلکاروں کے لیے ایک منفرد اقدام کا اعلان کیا ہے جس کے تحت وہ 100 ریست پوائنٹس فراہم کرے گا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق، ایمیزون نے منگل کے روز اعلان کیا کہ وہ سال 2025 کے آخر تک اپنے آشرے اریسٹ سنٹرز کی تعداد 100 تک بڑھا دے گا۔ یہ خصوصی مراکز ای کامرس اور لاجسٹکس کے شعبے میں کام کرنے والے ڈیلیوری پارٹنرز کے لیے بنائے گئے ہیں تاکہ ان کی سہولت کو بہتر بنایا جا سکے۔ان مراکز میں ڈیلیوری اہلکاروں کو ایئر کنڈیشنڈ بیٹھنے کی جگہ، پینے کا صاف پانی، الیکٹرولائٹ، موبائل چارجنگ پوائنٹس، ٹوائلٹ، فرسٹ ایڈ کٹ اور ریفریشمنٹ جیسی سہولتیں مفت فراہم کی جاتی ہیں۔ یہ اقدام ایمیزون کی جانب سے لاجسٹک انڈسٹری میں ایک منفرد اور پہلی کوشش ہے جس کا مقصد انتہائی گنجان علاقوں میں کام کرنے والے ڈیلیوری اہلکاروں کے لیے آرام دہ جگہ فراہم کرنا ہے۔
یہ مراکز پٹرول پمپوں اور کمرشل کرائے کی جگہوں پر واقع ہوں گے اور ہفتے کے ساتوں دن صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک کھلے رہیں گے۔ ہر سینٹر میں تقریباً 15 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی اور پارکنگ کی سہولت بھی موجود ہوگی، تاکہ ڈیلیوری اہلکار اپنی آرام دہ جگہ پر تھوڑی دیر کے لیے آرام کر سکیں۔ایمیزون کا یہ اقدام بھارت میں ڈیلیوری اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم قدم ہے، جو ان کی محنت اور طویل اوقات کار کے دوران تھکن کو کم کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔