پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کی تنخواہیں اور پنشن معمول سے قبل ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب فنانس ڈیپارٹمنٹ کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، اکتوبر کی تنخواہیں اور پنشن جمعہ 31 اکتوبر 2025 کو جاری کی جائیں گی۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ یکم اور 2 نومبر بروز ہفتہ اور اتوار سرکاری تعطیلات ہونے کے باعث، بروقت ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ سیکشن آفیسر (ایف آر) محمد یونس کے دستخط سے جاری مراسلے میں، اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب اور تمام ضلعی اکاؤنٹس افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کا عمل 31 اکتوبر تک مکمل کیا جائے۔ یہ سرکلر تمام انتظامی سیکریٹریز، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ماتحت محکموں کے سربراہان کو بھی بھیجا گیا ہے۔اس کے علاوہ، رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، گورنر اور وزیراعلیٰ کے دفاتر کو بھی اس فیصلے سے آگاہ کیا گیا ہے تاکہ ادائیگی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے اور ملازمین و پنشنرز کو بروقت سہولت فراہم کی جا سکے۔