وزارت ہاؤسنگ و تعمیرات نے سرکاری افسران اور ملازمین کی رہائش ہائر کرنے کے عمل کو مزید شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے ڈی سینٹرلائزیشن پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزارت کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ نئی پالیسی کو تمام وزارتوں اور ڈویژنز میں عملدرآمد کے لیے سرکولیٹ کر دیا گیا ہے۔ جوائنٹ سیکرٹری وزارت ہاؤسنگ و تعمیرات فیاض الحق کی جانب سے بھی باقاعدہ آفس میمورنڈم جاری کیا گیا ہے۔میمورنڈم میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام وزارتیں اور ڈویژنز اپنے ملازمین کے لیے رہائش اپنے مختص کردہ بجٹ کے اندر فراہم کریں۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد اخراجات پر کنٹرول، فیصلوں میں شفافیت اور رہائشی سہولتوں کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
وزارت ہاؤسنگ کے ذرائع کے مطابق، نئی پالیسی کے تحت مختلف وزارتوں اور اداروں کو اپنے ملازمین کے رہائش کے معاملات میں زیادہ انتظامی خودمختاری حاصل ہوگی، جس سے فیصلوں میں تاخیر کم ہوگی اور ملازمین کو سہولت جلد میسر آئے گی۔یہ پالیسی گریڈ ایک سے گریڈ بائیس تک کے تمام سرکاری ملازمین پر لاگو ہوگی، جس سے توقع کی جا رہی ہے کہ رہائشی سہولتوں کا نظام مزید منظم، شفاف اور تیز رفتار ہو جائے گا۔ نئی پالیسی کا بنیادی مقصد شفافیت، سہولت اور مالی نظم و ضبط کو یقینی بنانا اور سرکاری وسائل کا بہتر استعمال ممکن بنانا ہے۔