وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کے تحت کم آمدن والے ایک لاکھ خاندانوں کو بلاسود اور آسان قرض فراہم کرنے کا ہدف کامیابی سے مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس اہم کامیابی پر انہوں نے اظہار تشکر کرتے ہوئے اسے ملک کے غریب خاندانوں کے لیے ایک سنگ میل قرار دیا ہے۔مریم نواز شریف نے بتایا کہ اس پراجیکٹ کے تحت صرف 10 ماہ کے اندر 100,835 خاندانوں کو 120 ارب روپے کے قرضے جاری کیے گئے ہیں، جن میں سے 22,305 گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور 64,190 گھر تعمیر کے آخری مراحل میں ہیں۔ انہوں نے اس اقدام کو ہاؤسنگ کے شعبے میں انقلاب قرار دیا اور غریب طبقے کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کی کوشش کو سراہا۔وزیراعلیٰ نے اس کامیابی کو عوام کی خدمت میں ایک قابل تقلید مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ثابت کرتا ہے کہ حکومت اپنے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کتنی سنجیدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ غریب آدمی کے خواب کا پورا ہونا اللہ تعالیٰ کا بڑا کرم ہے اور اس پر جتنا شکر ادا کیا جائے، کم ہے۔ انہوں نے نواز شریف کی غریب عوام کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا۔مزید برآں، مریم نواز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اپنی اس پراجیکٹ کے تحت پانچ سالوں میں پانچ لاکھ گھروں کا ہدف پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام عام آدمی کے لیے ریاست کی ماں جیسی محبت اور فلاحی جذبہ کی عکاسی کرتا ہے، جو عوام کی خدمت کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔