ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فلیگ شپ منصوبے “اپنی چھت اپنا گھر” کے تحت صوبائی حکومت نے اکتوبر کے اختتام تک ایک لاکھ مستحق خاندانوں کو آسان شرائط پر رہائشی قرضے فراہم کرنے کا ہدف مقرر کر لیا ہے۔
اس حوالے سے سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی زیر صدارت ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں پروگرام ڈائریکٹر ولید بیگ نے اب تک کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ کے مطابق اب تک 95,600 خاندانوں کو گھروں کی تعمیر کے لیے قرضوں کا اجراء کیا جا چکا ہے، جبکہ 82,931 زیر تعمیر گھروں میں سے 20,940 گھر مکمل ہو چکے ہیں۔مزید بتایا گیا کہ 59,510 خاندانوں کو گھروں کی تعمیر مکمل کرنے کے لیے دوسری قسط بھی جاری کر دی گئی ہے۔اجلاس میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ پروگرام کے تحت اب تک 113 ارب روپے سے زائد رقم مستحق خاندانوں کو فراہم کی جا چکی ہے۔محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق قرضوں کی فراہمی میں اہلیت، شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ ہر مستحق خاندان اپنے ذاتی گھر کے خواب کو حقیقت میں بدل سکے۔