بحیرہ عرب پر موجود دباؤ کا فاصلہ کراچی سے کم، سندھ میں بارش کی توقعات بڑھ گئیں

بحیرہ عرب پر موجود دباؤ کا فاصلہ کراچی سے کم، سندھ میں بارش کی توقعات بڑھ گئیں

مشرقی وسطی بحیرہ عرب میں ایک دباؤ کا نظام موجود ہے، جس کا کراچی سے فاصلہ تقریباً 810 کلومیٹر ہے، اور بھارت کے گجرات علاقے سے یہ فاصلہ تقریباً 430 کلومیٹر ہے۔

اس دباؤ کے تحت ایک ٹروپیکل سائیکلون بننے کا خدشہ ہے، جس کے لیے موسمیاتی ماہرین مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔موسمیاتی صورتحال کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ دباؤ شمال مشرق کی طرف حرکت میں آیا ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ مشرقی وسطی بحیرہ عرب میں تقریباً شمال مشرق کی سمت میں بڑھے گا۔ اس کے نتیجے میں، ضلع تھرپارکر کے بعض مقامات پر ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، تاہم فی الحال پاکستان کے کسی بھی ساحلی علاقے کے لیے کوئی فوری خطرہ نہیں ہے۔محکمہ موسمیات کا سائیکلون وارننگ سینٹر کراچی، سمندری سسٹمز کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے۔ ابھی تک، ساحلی علاقوں کو کوئی براہ راست خطرہ لاحق نہیں ہے، لیکن موسمیاتی حالات پر نظر رکھی جا رہی ہے اور متعلقہ حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔