محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بحیرہ عرب میں موجود ہوا کا کم دباؤ اب شدت اختیار کرتے ہوئے ڈپریشن میں تبدیل ہو چکا ہے۔
اس وقت یہ سسٹم کراچی سے تقریباً 1,058 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق یہ موسمی نظام مشرق کی جانب حرکت کرے گا اور بھارتی ساحل سے ٹکرا کر بتدریج کمزور ہونے لگے گا۔ادارے نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کے کسی بھی ساحلی علاقے کو اس سسٹم سے فی الحال کوئی براہ راست خطرہ نہیں۔ البتہ ابتدائی طور پر خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ یہ سسٹم کراچی سمیت سندھ میں ہیٹ ویو کا سبب بن سکتا ہے، لیکن چونکہ اب یہ سسٹم مشرق کی طرف جا رہا ہے اور کمزور ہونے کا امکان ہے، لہٰذا ہیٹ ویو کے امکانات بھی کم ہو گئے ہیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ اس سسٹم کے ساحل سے دور رہنے کے باعث سمندری ہوائیں بحال رہیں گی، جو کراچی اور دیگر ساحلی علاقوں میں درجہ حرارت کو قابو میں رکھنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ افواہوں پر دھیان نہ دیں اور مستند معلومات کے لیے محکمہ موسمیات کی جاری کردہ اپڈیٹس پر بھروسا کریں۔