مزنگ کا رہائشی موٹرسائیکل سوار نعمان یوسف گھر واپس جا رہا تھا ‘نواں کوٹ کے علاقے میں ڈور گردن پر پھر نے سے شدید زخمی‘ہسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گیا
نعمان میڈیکل ریپ اورگھر کا واحد کفیل تھا‘بسنت کی اجازت نہ دی جائے:والدہ نعمان‘کالا شاہ کاکو میں موٹرسائیکل سوار علی رضا گلے پر ڈورپھرنے سے زخمی‘ہسپتال داخل
لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور میں پتنگ بازی نے ایک اور جان لے لی کٹی پتنگ ڈور گلے پر پھرنے سے گھر کا واحد کفیل نوجوان تڑپ تڑپ کر دم توڑ گیا، وزیر اعلی پنجاب اور آئی جی پنجاب عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لے کر سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو پتنگ بازی میں ملوث ملزموں کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈور پھرنے کا واقعہ تھانہ نواں کوٹ کے علاقے میں پیش آیا جہاں مزنگ کا رہائشی نوجوان گھر واپس جا رہا تھا گلے پر ڈور پھر گئی جس کے نتیجے میں 21 سالہ موٹر سائیکل سوار نوجوان نعمان یوسف کی گردن کٹ گئی، نعمان یوسف کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا لیکن راستے میں دم توڑ گیا متوفی نعمان میڈیکل ریپ تھا، مرحوم گھر کا بڑا بیٹا اور اکیلا کمانے والا تھا، مرحوم کا ایک چھوٹا بھائی اور دو بہنیں ہیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے لاش قبضے میں لے کر پورسٹمارٹم کے بغیر لاش تدفین کے لیے لواحقین کے حوالے کر دی دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈور پھرنے سے موٹر سائیکل سوار نوجوان کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار جبکہ سوگوار خاندان سے اظہار ہمدردی و تعزیت کیا ہے، انہوں نے غیر قانونی پتنگ بازی کے واقعہ پر سخت غم وغصہ کا اظہار بھی کیا۔مریم نواز شریف نے ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیتے ہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کر لی جبکہ آئی جی پنجاب عثمان انور نے واقعے کا بھی واقعہ نوٹس لے کر سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو پتنگ بازی میں ملوث ملزموںکی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔دریں اثناء کالا شاہ کاکو میں بھی نوجوان گردن پر ڈور پھرنے سے زخمی ہوگا‘علی رضا موٹرسائیکل پر بنگلہ پلی کی جانب جا رہا تھا، زخمی کو ہسپتال داخل کرادیاگیا