مذہبی ہم آہنگی، برداشت اور قومی یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے محسن نقوی

 مدارس یا مساجد کی بندش کے حوالے سے جو پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے، اس میں کوئی صداقت نہیں‘کسی بھی مدرسے یا مسجد کو بند نہیں کیا جائے گا
دین اسلام امن، برداشت اور محبت کا درس دیتاہے، تشدد اور شرانگیزی کی کوئی گنجائش نہیں:وزیرداخلہ کی ثروت اعجاز قادری سے ملاقات میں گفتگو
کراچی  (آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ محسن  نقوی نے علمائے کرام کی دینی، سماجی اور قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا  ہے کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام میں علما کا کردار ہمیشہ اہم رہا ہے۔ مدارس یا مساجد کی بندش کے حوالے سے جو پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے، اس میں کوئی صداقت نہیں۔ کسی بھی مدرسے یا مسجد کو بند نہیں کیا جائے گا۔ دین اسلام امن، برداشت اور محبت کا درس دیتا ہے، تشدد اور شرانگیزی کی کوئی گنجائش نہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کراچی میں سنی تحریک کے چیئرمین محمد ثروت اعجاز قادری سے ملاقات کی، جس میں مذہبی ہم آہنگی، مدارس و مساجد سے متعلق خدشات، اور ملک میں اتحاد و یکجہتی کے فروغ جیسے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ موجود تھے۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے علمائے کرام کی دینی، سماجی اور قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام میں علما کا کردار ہمیشہ اہم رہا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ مذہبی ہم آہنگی، برداشت اور قومی یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے۔محسن نقوی نے واضح کیا کہ مدارس یا مساجد کی بندش کے حوالے سے جو پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے، اس میں کوئی صداقت نہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کسی بھی مدرسے یا مسجد کو بند نہیں کیا جائے گا۔