پاکستان میں مثالی مذہبی اہم آہنگی موجود، تمام اقلیتیں محفوظ ہیں: کھیئل داس کوہستانی

بھارتی وزیراعظم کی سوچ انسانیت کیخلاف ، اگر جنگ ہوئی تو بھارت کو نیست و نابود کردیں گے،وزیرمملکت کی پریس کانفرنس 
کراچی (آن لائن) وزیرمملکت برائے مذہبی امور کھیئل داس کوہستانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام اقلیتیں محفوظ ہیں اور ملک میں مثالی مذہبی ہم آہنگی موجود ہے، بھارتی وزیراعظم کی سوچ انسانیت کے خلاف ہے، مذہب کو نشانہ بنا کے انسانیت کے خلاف ایک محاذ کھڑا کر رہا ہے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خوبصورتی ہے کہ ہندو برادی، مسیحی برادی اور سکھوں نے رمضان المبارک میں مسلمانوں کے لیے افطار پارٹی کا اہتمام کیا، رمضان میں ہولی کا تیوہار آیا تو پاکستان میں ہندوؤں نے ہولی جوش و خروش سے منائی، مسلمان بھی ان کے ساتھ ہولی میں شامل ہوئے، رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں سب نے مل کر نوروز منایا، ہم سب نے مل کرایسٹر منایا، پاکستان میں جس طرح کی مذہبی ہم آہنگی ہے اس کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ذمہ دار ملک نہیں ہے، مودی کو بھارتی عوام نے بھی مسترد کردیا ہے، ہم جنگ نہیں چاہتے مگر ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان میں مسیحی، ہندو، سکھ، فارسی بولنے والے سب افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیںاور اگر جنگ ہوئی تو پاک فوج کے ساتھ مل کر بھارت کا مقابلہ کریں گے اور اسے نیست و نابود کریں گے۔