بھائی چارے اور برداشت کے فروغ سے ہم مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد رکھ سکتے ہیں
نفرت، تعصب اور انتہا پسندی کے خلاف پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا، اسپیکر قومی اسمبلی کا عالمی یوم برداشت پر پیغام
اسلام آباد(آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ برداشت، باہمی احترام اور رواداری پرامن اور مستحکم معاشرے کی بنیاد ہیں، ہم آہنگی کے فروغ کے لیے برداشت اور رواداری اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اختلافِ رائے کا احترام جمہوریت کا حسن ہے، پارلیمان ہم آہنگی، رواداری اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔عالمی یومِ برداشت کے موقع پر پیغام میں ، اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ نفرت، تعصب اور انتہا پسندی کے خلاف پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا،حکومت اور اپوزیشن کو مذاکرات اور باہمی مشاورت کے ذریعے مسائل حل کرنے چاہئی۔، اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ باہمی احترام اور ہم آہنگی کے بغیر امن، ترقی اور خوشحالی کی منازل حاصل نہیں کی جاسکتیں، عدم برداشت قوموں کو تنزلی اور انتشار کی طرف لے جاتی ہے، نوجوان نسل میں برداشت، تحمل اور مثبت سوچ کے فروغ کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام امن، برداشت اور احترامِ انسانیت کا درس دیتا ہے، بھائی چارے اور برداشت کے فروغ سے ہم مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔