سربراہ پاک فضائیہ کا دورہ رومانیہ، دفاعی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

راولپنڈی(آئی این پی)پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے حال ہی میں رومانیہ کا سرکاری دورہ کیا جس کے دوران دو طرفہ دفاعی تعاون پر بات چیت ہوئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دورے کے دوران ایئر چیف نے رومانیہ کی فضائیہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل لیونارڈ گیبریل بارابوئی سے ملاقات کی۔اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور فضائی افواج کے درمیان نئے تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق رومانیہ ایئر فورس ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر ایئر چیف کو چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، جس کے بعد دونوں فضائی سربراہان کے درمیان تفصیلی ملاقات ہوئی۔ملاقات میں مشترکہ فضائی مشقوں، تربیتی تبادلوں اور فضائی و زمینی عملے کی صلاحیت بڑھانے پر غور کیا گیا۔