پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے پشاور کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے بعد محکمہ کھیل کو اس حوالے سے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق دورِ حکومت میں پشاور کے ارباب نیاز اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے عمران خان اسٹیڈیم رکھا گیا تھا، تاہم اب صوبائی حکومت نے دوبارہ اس کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ارباب نیاز کے نام سے اسٹیڈیم منسوب کرنے کی تجویز
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارباب نیاز صوبے کی ایک اہم شخصیت تھے اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ان کی نمایاں خدمات تھیں۔انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم کا نام کسی سیاسی جماعت کی شخصیت کے نام پر نہیں رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی پارٹی کی کسی شخصیت کے نام پر بھی اسٹیڈیم کو منسوب نہیں کریں گے۔صوبائی حکومت کی جانب سے محکمہ کھیل کو نام کی تبدیلی کے حوالے سے ہدایات جاری کیے جانے کے بعد اسٹیڈیم کے سابق نام کی بحالی کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔