پشاور کا عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم آٹھ سال کی تزئین و آرائش کے بعد میچز کی میزبانی کے لیے تیار ہو گیا ہے۔
اس اسٹیڈیم میں 17 ہزار سے زائد تماشائی بیٹھ سکتے ہیں۔ہفتے کو ایک چیریٹی میچ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں شاہد آفریدی، یونس خان، بابر اعظم اور کامران اکمل جیسے نامور کھلاڑی حصہ لیں گے۔ یہ میچ سیلاب زدگان کی امداد کے لیے پشاور زلمی اور لیجنڈرز الیون کے درمیان کھیلا جائے گا اور دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔ٹکٹوں کی قیمتوں کا تعین مختلف زمروں کے لیے کیا گیا ہے: عام تماشائیوں کے لیے ایک ہزار روپے، وی آئی پی زون کے لیے دس ہزار روپے اور وی وی آئی پیز کے لیے 50 ہزار روپے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور کابینہ ارکان نے بھی وی وی آئی پی ٹکٹ خرید کر امدادی عمل میں حصہ لیا۔