پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرکٹ کے لیجنڈز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے مختلف انکلوژرز کے نام سابق کپتانوں اور کرکٹ لیجنڈز کے ناموں سے منسوب کرنے کا اعلان کیا ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ماجد خان انکلوژر کا نام یونس خان جبکہ قائد انکلوژر کا نام شاہد آفریدی سے منسوب کر دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ماضی کے عظیم کرکٹر نذر محمد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ظہیر عباس انکلوژر کا نام تبدیل کیا جائے گا۔آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے لیے لاہور، راولپنڈی، اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی تزئین و آرائش تقریباً مکمل ہونے کو ہے۔ آئندہ 10 دنوں میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ان اسٹیڈیمز کو اپنی نگرانی میں لے لے گی۔
نیشنل اسٹیڈیم میں حالیہ تعمیراتی کام کے تحت ایک نئی تین منزلہ عمارت مکمل ہوچکی ہے، جس میں دو وی وی آئی پی انکلوژرز بھی شامل ہیں۔ ان میں 1,050 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی، جنہیں ماجد خان انکلوژر اور ظہیر عباس انکلوژر کے نام دیے گئے ہیں۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے یہ اقدامات نہ صرف کرکٹ کے لیجنڈز کو خراج تحسین پیش کریں گے بلکہ چیمپئنز ٹرافی کے دوران شائقین کے لیے ایک بہتر تجربہ فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔