خیبرپختونخوا حکومت پشاور میں واقع عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سپرد کرنے کے معاملے پر غور کر رہی ہے، جبکہ دونوں فریقوں کے درمیان رابطوں اور مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان شرائط طے کرنے کے لیے مذاکرات کے دو ادوار ہو چکے ہیں، جن میں مختلف انتظامی اور مالی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت قذافی اسٹیڈیم لاہور اور نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی سے متعلق پی سی بی کے موجودہ معاہدوں کا بھی جائزہ لے رہی ہے تاکہ مستقبل کے ممکنہ معاہدے کی شرائط کا تقابلی جائزہ لیا جا سکے۔خیبرپختونخوا کے مشیر برائے کھیل تاج محمد ترند نے کہا کہ صوبائی حکومت کی خواہش ہے کہ پشاور میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی ممکن بنائی جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ قذافی اسٹیڈیم اور نیشنل بینک اسٹیڈیم کے معاہدوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، تاہم عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم کو پی سی بی کے حوالے کرنے کا حتمی فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا۔