راولپنڈی : اڈیالہ جیل کی خصوصی عدالت میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے دوران 3 اہم گواہان کی شہادتیں قلمبند کی گئیں۔
جج امجد علی شاہ کی سربراہی میں جاری سماعت میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سمیت دیگر ملزمان، جن میں عثمان ڈار اور صداقت عباسی شامل ہیں، عدالت میں موجود تھے۔سماعت کے دوران کانسٹیبل ظفر قیوم، تھانہ آر اے بازار کے محرر محمد منشی، اور محرر عمران نے اپنی بیانات عدالت میں ریکارڈ کرائے جبکہ مقدمے کے تفتیشی آفیسر سب انسپکٹر محمد ریاض کی جزوی شہادت بھی قلمبند کی گئی۔
عدالت میں اس کیس سے متعلق مالِ مقدمہ بھی پیش کیا گیا۔ جج امجد علی شاہ نے آئندہ سماعت کے لیے مزید گواہان کو طلب کرنے کے احکامات جاری کیے اور سماعت کو 5 جون تک ملتوی کر دیا گیا۔یاد رہے کہ اس مقدمے میں اب تک مجموعی طور پر 31 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں، جن میں اہم شواہد اور بیانات شامل ہیں جو کیس کی پیش رفت کے لیے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔