ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز میں بھارت کو دھول چٹانے والے حسن نواز نے کیا کہا؟

ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز میں بھارت کو دھول چٹانے والے حسن نواز نے کیا کہا؟

دوحہ: ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز میں بھارت اے کو شکست دینے والے پاکستانی آل راؤنڈر حسن نواز کا کہنا ہے کہ بھارت اے کے خلاف میچ کا ہمیشہ انتظار رہتا ہے اور ایسے بڑے مقابلوں میں اچھی کارکردگی دکھانے کی بھرپور کوشش کرتا ہوں۔

بھارت اے کے خلاف شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کے بعد پی سی بی ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حسن نواز نے کہا کہ ہر میچ میں دباؤ ہوتا ہے، تاہم چند گیندیں کھیلنے کے بعد صورتحال معمول پر آجاتی ہے اور کھلاڑی اپنی توجہ کھیل پر مرکوز کرلیتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ٹیم میٹنگ میں میچ کے لیے کھیل کو سادہ رکھنے کی حکمت عملی تیار کی گئی تھی، جس پر تمام کھلاڑیوں نے عمل کیا۔ کامیابی میں پوری ٹیم نے اہم کردار ادا کیا اور ہر کھلاڑی نے اپنی ذمہ داری بخوبی نبھائی۔

بولنگ کا موقع خود مانگا، کپتان کے اعتماد نے حوصلہ بڑھایا

اپنی بولنگ کارکردگی کے حوالے سے حسن نواز نے کہا کہ انہیں امید تھی کہ وکٹ پر گیند گرپ ہوگی، اسی لیے انہوں نے کپتان سے خود بولنگ کرنے کا موقع مانگا۔ کپتان کی جانب سے اعتماد ملنے پر ان کے حوصلے میں اضافہ ہوا۔حسن نواز کا کہنا تھا کہ وہ مستقبل میں بھی باقاعدگی سے بولنگ کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ ٹیم کے لیے بیٹنگ کے ساتھ بولنگ میں بھی اپنا کردار ادا کرسکیں۔انہوں نے اپنی کامیابی پر اہلخانہ کی دعاؤں اور شائقین کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ہمیشہ اپنے مداحوں کی طرف سے بھرپور حوصلہ افزائی ملتی ہے۔

حسن نواز کی آل راؤنڈ کارکردگی، بھارت اے کو 48 رنز سے شکست

واضح رہے کہ ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز میں پاکستان شاہینز نے حسن نواز کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت بھارت اے کو 48 رنز سے شکست دی تھی۔حسن نواز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ذمہ دارانہ انداز میں 79 رنز کی اہم اننگز کھیلی، جبکہ بعد ازاں بولنگ کے دوران بھارت اے کی تین اہم وکٹیں حاصل کرکے ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔