جاپان میں شدید برفباری سے نظامِ زندگی مفلوج، 1400 افراد محصور، ٹرینیں اور شاہراہیں بند

جاپان میں شدید برفباری سے نظامِ زندگی مفلوج، 1400 افراد محصور، ٹرینیں اور شاہراہیں بند

ٹوکیو: جاپان میں موسم سرما کے غیر معمولی طاقتور طوفان اور شدید برفباری نے نظامِ زندگی درہم برہم کردیا، جس کے باعث ریلوے سروس متاثر، متعدد شاہراہیں بند اور تقریباً 1400 افراد مختلف علاقوں میں محصور ہوگئے۔

 شدید برفباری کے باعث بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی جبکہ کئی مقامات پر درخت گرنے سے آمدورفت میں رکاوٹیں پیدا ہوئیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپان کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوئی، جبکہ سڑکوں پر برف کی موٹی تہہ جم جانے اور درخت گرنے سے متعدد اہم راستے بند ہوگئے۔یہ صورتحال تین روزہ تعطیلات کے آخری روز پیدا ہوئی، جب بڑی تعداد میں شہری اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنے اور سیاحتی مقامات کی سیر کے بعد اپنے گھروں کو واپس روانہ ہو رہے تھے۔ اچانک شدید برفباری کے باعث مسافروں کو واپسی کے سفر میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

فوکوشیما میں 1400 افراد محصور

فوکوشیما صوبہ شدید متاثرہ علاقوں میں شامل رہا، جہاں بھاری اور گیلی برف کے باعث متعدد درخت گر گئے اور بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔ کِتاشیوبارا گاؤں میں تقریباً 1400 مقامی افراد اور سیاح سڑکیں بند ہونے کے باعث عارضی طور پر محصور ہوگئے۔متاثرہ علاقوں میں ہوٹلوں اور رہائشی مقامات تک رسائی بھی منقطع ہوگئی تھی، تاہم 22 نومبر کو سڑکوں سے برف اور گرے ہوئے درخت ہٹانے کے بعد بیشتر راستے دوبارہ کھول دیے گئے۔انوواشیرو کے علاقے میں 21 نومبر کی دوپہر تک 53 سینٹی میٹر برف ریکارڈ کی گئی، جو رواں موسم خزاں کے دوران جاپان کے مرکزی جزیرے پر ابتدائی موسم سرما کی غیر معمولی برفباری میں شمار ہوتی ہے۔

ٹرین درخت سے ٹکرا گئی، بوگی پٹڑی سے اتر گئی

شدید برفباری کے باعث بنیتسو ویسٹ لائن سمیت متعدد ریلوے روٹس متاثر ہوئے۔ 20 نومبر کی رات آئزواواکاماتسو سے نوزاوا جانے والی دو بوگیوں پر مشتمل ایک ٹرین کِتاکاتا اور یاماتو اسٹیشنوں کے درمیان پٹڑی پر گرے ہوئے درخت سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں اگلی بوگی کا پہیہ پٹڑی سے اتر گیا۔خوش قسمتی سے حادثے کے وقت ٹرین میں کوئی مسافر سوار نہیں تھا اور ڈرائیور بھی محفوظ رہا۔ متاثرہ ریلوے سیکشن پر ٹرین سروس 23 نومبر کی صبح بحال کردی گئی، تاہم دیگر روٹس پر ٹرینوں کی منسوخی اور تاخیر کا سلسلہ جاری رہا۔

ہوکائیڈو میں 30 گاڑیاں چار گھنٹے پھنسی رہیں

دوسری جانب جاپان کے شمالی جزیرے ہوکائیڈو میں بھی شدید برفباری اور سڑکوں پر پھسلن کے باعث متعدد گاڑیاں حادثات کا شکار ہوئیں۔ ڈوٹو ایکسپریس وے پر تقریباً 30 گاڑیاں چار گھنٹے تک پھنسی رہیں، جبکہ بعض علاقوں میں 15 سینٹی میٹر تک برف ریکارڈ کی گئی۔موسمیاتی اداروں نے مزید برفباری، تیز ہواؤں، حدِ نگاہ میں کمی اور سڑکوں پر پھسلن کے خدشات ظاہر کیے ہیں۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور گاڑیوں میں موسم سرما کے مخصوص ٹائر استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔