امریکا میں ایک ہفتے کے دوران موسم سرما کا تیسرا شدید طوفان آیا ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، سرد ہواؤں، بارشوں اور برف باری کے باعث کئی ریاستیں متاثر ہو گئی ہیں جن میں پنسلوانیا، ایلی نوائے، مشی گن، اور الاسکا شامل ہیں۔ان ریاستوں میں نظامِ زندگی شدید متاثر ہوا ہے، اور کئی علاقوں میں کئی انچ برف پڑنے سے شہری گھروں میں محصور رہ گئے ہیں۔نیویارک میں کچھ مقامات پر 3.5 انچ برف جمع ہو چکی ہے، جس کی وجہ سے ہوائی اڈوں پر طیارے برف سے ڈھک گئے ہیں، اور فضائی آپریشن بھی معطل ہے۔
برفباری اور پھسلن کے سبب انڈیانا کی شاہراہوں پر 40 سے زائد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئی ہیں، جس کے بعد حکام نے عوام سے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔امریکی محکمہ موسمیات نے مزید بارش اور برف باری کی پیشگوئی کی ہے۔دوسری طرف، برطانیہ میں بھی آئندہ ہفتے شدید برف باری کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔9 اور 10 دسمبر کو انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت منفی 2 ڈگری تک گرنے اور برف باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔