امریکا: 17 ریاستوں میں شدید برفباری، نظام زندگی مفلوج، لاکھوں متاثر

امریکا: 17 ریاستوں میں شدید برفباری، نظام زندگی مفلوج، لاکھوں متاثر

امریکا کی 17 ریاستوں میں شدید برفباری اور برفانی طوفان نے نظام زندگی مفلوج کر دیا ہے۔

 واشنگٹن، بالٹی مور، فلاڈیلفیا اور نیویارک سمیت دیگر شہروں میں ہر طرف سفید چادر چھا گئی ہے، جبکہ کولوراڈو سے بوسٹن تک کئی ریاستوں میں ایک فٹ سے زائد برف پڑنے کی اطلاعات ہیں۔ نیو یارک اور نیو جرسی میں 10 سے 14 انچ، جبکہ بوسٹن میں 12 سے 17 انچ برفباری کا امکان ہے۔نیشنل ویدر سروس نے اس برفانی طوفان کو “انتہائی جان لیوا” قرار دیتے ہوئے شہریوں کو ہائپوتھرمیا اور فراسٹ بائٹ کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت بعض علاقوں میں منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔ طوفان کی لپیٹ میں دو تہائی امریکی آبادی آ چکی ہے اور ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

شدید برفباری اور یخ بستہ ہواؤں کی وجہ سے فضائی اور زمینی سفر شدید متاثر ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 4 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ٹیکساس، جارجیا، آرکنساس، شمالی و جنوبی کیرولائنا میں تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ واشنگٹن ڈی سی میں وفاقی دفاتر پیر کو بند رہیں گے۔امریکا کے مختلف علاقوں میں ایمرجنسی ادارے الرٹ ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ نیویارک میں برف کی صفائی کے لیے 1600 سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ شہریوں کو گھروں سے غیر ضروری باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ امریکی میڈیا نے اس طوفان کو “مانسٹر اسٹارم” قرار دیا ہے۔