لندن میں طوفان "فلورس" کے باعث برطانیہ اور آئرلینڈ میں نظام زندگی بری طرح متاثر ہو گیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش نے پروازوں، ٹرینوں اور کشتیوں کی آمدورفت معطل کر دی جبکہ کئی تفریحی تقریبات بھی ملتوی کر دی گئیں۔اسکاٹ لینڈ، آئرلینڈ، شمالی انگلینڈ اور یارکشائر میں تیز ہواؤں کے باعث ایمبر اور یلو وارننگز جاری کر دی گئی ہیں۔ یارکشائر کے تفریحی مقامات بند کر دیے گئے جبکہ درخت گرنے اور سڑکوں پر رکاوٹوں سے ٹریفک شدید متاثر ہوا۔
اسکاٹ لینڈ میں صبح 10 بجے سے ایمبر وارننگ اور شمالی انگلینڈ، ویلز و شمالی آئرلینڈ میں صبح 6 بجے سے یلو وارننگ نافذ ہے۔ نیو کیسل کے شمال میں ریلوے سروسز بند اور پریسٹن کے شمال میں مسافروں کو سفر نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔گلاسگو سے اسکاٹش جزیروں کی تمام پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ ایڈنبرا کے پرنسز اسٹریٹ گارڈنز اور نارتھ بیروک کا "فرنج بائے دی سی" فیسٹیول بھی ملتوی کر دیا گیا۔ حکام نے ڈرائیوروں کو سخت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔