سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی، اورنج الرٹ جاری

سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی، اورنج الرٹ جاری

ریاض: سعودی عرب میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے متعدد علاقوں کے لیے اورنج الرٹ جاری کردیا ہے۔

 نیشنل سینٹر فار میٹرولوجی (این سی ایم) کے مطابق جازان، عسیر، مکہ مکرمہ اور الباحہ میں درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے، جبکہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔این سی ایم نے اتوار کے روز جاری کیے گئے موسمی انتباہ میں بتایا کہ جازان، عسیر اور الباحہ کے علاقوں میں اورنج الرٹ دوپہر ایک بجے سے رات آٹھ بجے تک نافذ رہے گا، جبکہ مکہ مکرمہ کے لیے جاری کردہ الرٹ رات نو بجے تک برقرار رہے گا۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارش کے دوران تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جس کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو سکتی ہے اور بعض مقامات پر تقریباً صفر تک پہنچ سکتی ہے۔

 خراب موسم کے باعث سڑکوں پر سفر کرنے والوں کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔موسمیاتی مرکز کے مطابق بارش کے دوران بعض علاقوں میں ژالہ باری، اچانک سیلابی ریلوں اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی پیش آ سکتے ہیں۔ شہری اور دیہی علاقوں میں نشیبی مقامات پر پانی جمع ہونے اور سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔دوسری جانب مشرقی صوبے کے ساحلی علاقوں میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، جس سے حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔