ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ آج سے 7 اگست تک ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں اور ندی نالوں میں طغیانی اور دریاؤں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی:
دریاؤں کے بالائی طاس علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا امکان ہے۔دریائے چناب اور جہلم میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
بلوچستان میں 6 اگست کو تیز بارشیں متوقع ہیں۔
سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ کہیں کہیں ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے۔اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں اتوار کی رات وقفے وقفے سے بارش ہوئی جبکہ کراچی میں کہیں ہلکی بارش تو کہیں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
پی ڈی ایم اے کے اقدامات:
صوبائی کنٹرول روم سمیت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی تیز بارشوں کا امکان ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اضلاع کو ہدایت دی ہے کہ عملہ اور مشینری کو ہائی الرٹ رکھا جائے۔
سیلابی صورتحال:
راول ڈیم کے اسپل ویز کھول دیے گئے ہیں۔دریائے سندھ میں کالا باغ، تونسہ، گڈو اور سکھر بیراج پر بدستور نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کا چھٹا سلسلہ 7 اگست تک جاری رہے گا، جس کے دوران لینڈ سلائیڈنگ، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لیے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔