سعودی عرب میں تیز ہواؤں، بارشوں اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری، متعدد علاقوں میں الرٹ جاری

سعودی عرب میں تیز ہواؤں، بارشوں اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری، متعدد علاقوں میں الرٹ جاری

ویب ڈیسک: سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، بارشوں اور ژالہ باری نے زندگی کے معمولات متاثر کر دیے ہیں۔

محکمۂ موسمیات نے زرد اور نارنجی الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ریاض میں ہواؤں کی رفتار 49 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی، جس کے باعث گردوغبار سے حدِ نگاہ متاثر ہو رہی ہے۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں کو محتاط ڈرائیونگ کی ہدایت کی ہے۔مکہ مکرمہ ریجن کے طائف، أضم اور بنی یزید میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ مشرقی ریجن میں حفر الباطن سمیت کئی علاقوں کے لیے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے یا سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

عسیر اور الباحہ میں بھی ہلکی و درمیانی بارشیں اور تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔ شہری دفاع کے ادارے نے لوگوں سے وادیوں اور برساتی نالوں سے دور رہنے کی اپیل کی ہے۔ماہرین کے مطابق یہ موسمی تبدیلیاں غیر معمولی فضائی دباؤ کے باعث ہیں اور بارشوں کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔