تقریبات جاری، بھارت کرتارپور راہداری فوری کھول دے: رمیش سنگھ اروڑہ
پاکستان میں گوردوارے محفوظ اور اصل حالت میں موجود ہیں:سردار کلدیپ سنگھ
لاہور (خصوصی رپورٹ) سکھ مذہب کے بانی بابا گورو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے 3 ہزار سکھ یاتری ننکانہ پہنچ گئے۔ واہگہ کے راستے پاکستان آنے پر یاتریوں کا چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان، صوبائی وزیر و پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور دیگر حکام نے پرتپاک استقبال کیا۔ ننکانہ صاحب آمد پر ڈپٹی کمشنر رعنا حمید اور ڈی پی او ارسلان زاہد سمیت ضلعی افسران نے ان کا خیرمقدم کیا۔ مذہبی تقریبات میں اندرون و بیرون ممالک سے 25 ہزار سے زائد سکھ یاتری شرکت کر رہے ہیں۔ پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے مطالبہ کیا کہ بھارت کرتارپور راہداری فوری کھول دے۔ بھارت سے آئے اکال تخت کے جتھہ لیڈر سردار کلدیپ سنگھ گڑگج نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آکر بہت خوشی محسوس ہوتی ہے، پاکستان سے عقیدت کا رشتہ ہے اور یہاں ہمیشہ عزت و احترام سے نوازا جاتا ہے۔ پاکستان میں ہمارے گوردوارے محفوظ اور اصل حالت میں موجود ہیں، جس کے لیے وہ حکومت پاکستان، متروکہ وقف املاک بورڈ اور سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے شکرگزار ہیں۔ دہلی گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے جتھہ لیڈر پرمجیت سنگھ نے کہا کہ پاکستان ہمارے گورو کی دھرتی ہے اور ہمیں اس سے بہت پیار ہے۔