لاہور (کرائم رپورٹر)سکھ مذہب کے بانی گورو نانک دیو جی کے556ویں جنم دن کی تقریبا ت میں شرکت کیلئے بھارت سے آنیوالے 2 ہزاربھارتی سکھ یاتری گورو دوارہ دربار صاحب کرتارپور سے لاہور پہنچ گئے ، 10 روزہ مذہبی یاترا پر آئے بھارتی سکھوں نے صوبائی دارالحکومت میں گورو دوارہ ڈیرہ صاحب میں مذہبی رسومات ادا کیں اور دربار میاں میر پر بھی حاضری دی ،انہوں نے گورو دوارہ سنگھ سنگھنیا ، گورو دوارہ چھٹی پادشاہی ، گورو دوارہ گورو رام داس کی یاترا کی اور دیال سنگھ لائبریری کا دورہ کیا۔ سکھ یاتریوں نے لاہور کے معروف انارکلی بازار میں خریداری کی۔ بھارتی یاتریوں نے شاندار انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا پاکستان میں ہمیں گھر جیسا پیار اور سکون ملا ، پاکستان میں گورو دواروں کو محبت، خلوص اور احترام کے ساتھ محفوظ رکھا گیا ،پاکستانی عوام کے خلوص نے ہمیں انسانیت کا اصل پیغام یاد دلا دیا۔ سکھ یاتری کل 13 نومبر کوواہگہ بارڈر کے راستے واپس بھارت روانہ ہونگے۔