گورونانک کی برسی، سکھ یاتریوں کی گورودوارہ جنم استھان آمد

 مذہبی رسومات ادا ،گورودوارہ کے مختلف حصوں کا دورہ ، جاری تزئین و آرائش کو سراہا
 ننکانہ صاحب (خصوصی رپورٹ)بابا گورونانک کے 487ویں جوتی جوگ گرپرب (برسی تقریبات) میں شرکت کیلئے مختلف ممالک سے پاکستان آنے والے سکھ یاتری گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب پہنچے، جہاں انہوں نے مذہبی رسومات ادا کیں۔بابا گورونانک کی جوتی جوت گرپرب کی تقریبات میں شرکت کیلئے پاکستان آنے والے سکھ یاتری جتھہ لیڈر سردار کیرت سنگھ کی قیادت میں گورودوارہ جنم استھان پہنچے، جہاں منیجر گورودوارہ جنم استھان عمران نبی، گورونانک پرچار کمیٹی کے صدر سردار ہنس راج سنگھ اور مقامی سکھ رہنما ئوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ یاتریوں نے بابا گورونانک کی جائے پیدائش پر حاضری دی اور پاکستان کی سلامتی و ترقی سمیت دنیا بھر میں امن کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔ یاتریوں نے گورودوارہ جنم استھان کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور تاریخی عمارت میں جاری تزئین و آرائش کے کام کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان میں کیے گئے انتظامات اور مہمان نوازی پر حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ننکانہ صاحب میں حاضری ان کیلئے روحانی خوشی اور اطمینان کا باعث ہے، وہ یہاں سے امن، محبت اور رواداری کا پیغام لے کر واپس جائیں گے۔یاتریوں نے کرتارپور راہداری کی موجودہ صورتحال کے باعث جوتی جوت گرپرب کی تقریبات میں شرکت نہ کر پانے پر افسوس کا اظہار کیا۔