بابا گورونانک کا 556 واں جنم دن، 2400 سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے

واہگہ بارڈر پر بھارتی یاتریوں کے لئے کھانے اور دیگر سہولیات کا  خصوصی انتظام کیا گیا تھا
  یاتریوں کو سخت سکیورٹی میں ننکانہ صاحب روانہ کر دیا گیا‘ننکانہ صاحب میں آج عام تعطیل ہوگی
 لاہور(سپیشل رپورٹر)بابا گورونانک کے 556 ویں جنم دن کی تقریبات کے موقع پر بھارت سے تقریباً 2400 سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے۔واہگہ بارڈر پر سکھ یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی کے سربراہ سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین نے بھارتی مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔امیگریشن اور کسٹم کے مراحل مکمل ہونے کے بعد بھارتی یاتریوں کو سخت سیکیورٹی میں ننکانہ صاحب روانہ کر دیا گیا، جہاں وہ بابا گورونانک کے جنم دن کی مرکزی تقریبات میں شرکت کریں گے۔واہگہ بارڈر پر بھارتی یاتریوں کے لیے کھانے اور دیگر سہولیات کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔ یاتریوں کو 13 نومبر تک کا ویزا دیا گیا ہے۔بابا گرونانک کے جنم کے موقع پرآج  ضلع ننکانہ صاحب میں عام تعطیل ہوگی۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ تسلیم اختر را نے 5 نومبر کو ضلع میں عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔