بھارتی سکھ یاتریوں کی گردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب یاترا

گرو ارجن دیو جی کے شہیدی دن کی تقریبات، عبادات اور مذہبی رسومات اداکیں
یاتریوں کیلئے بہترین انتظامات، مہمان نوازی پر پاکستانی حکام کو خراج تحسین پیش کیا
لاہور(زیڈ این این ) متروکہ وقف املاک بورڈ، وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام سکھ مذہب کے پانچویں گرو، گرو ارجن دیو جی کے شہیدی دن (جوڑ میلہ) کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے آئے سکھ یاتریوں نے گردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں حاضری دی اور مذہبی عبادات ادا کیں۔یاتریوں نے اپنے دورے کے دوران گردوارہ پٹی صاحب، گردوارہ بالیلا صاحب، گردوارہ کیارا صاحب اور گردوارہ تمبو صاحب کی بھی یاترا کی اور اپنی مذہبی رسومات ادا کیں۔چیٔرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان کی ہدایات پر سکھ یاتریوں کے لیے رہائش، لنگر، صفائی ستھرائی، طبی سہولیات اور دیگر ضروری انتظامات بہترین انداز میں کیے گئے۔ ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی یاتریوں کی سکیورٹی کے لیے جامع انتظامات یقینی بنائے۔بھارت سے آئے شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے رہنما سردار بھوپندر سنگھ نے پاکستان میں کیے گئے انتظامات، مہمان نوازی اور فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے چیٔرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان، ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ڈپٹی سیکرٹری شرائنز فراز عباس کی نگرانی میں شرائن برانچ کے افسران اور سکیورٹی اہلکار یاتریوں کے ہمراہ موجود ہیں۔ یاتریوں کے قافلوں کے روٹس پر خصوصی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ متروکہ وقف املاک بورڈ اور ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز بھی ہمراہ موجود ہیں۔شدید گرمی کے پیش نظر یاتریوں کو ٹھنڈا منرل واٹر فراہم کیا جا رہا ہے۔ سکھ یاتری 12 جون کو گردوارہ سچا سودا فاروق آباد کی یاترا کے بعد گردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال روانہ ہوں گے۔