اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل کے حکومتی نظام پر پیٹرولیم ڈیلرز نے ایک بار پھر تحفظات کا اظہار کردیا، جس کے بعد ملک بھر میں پیٹرول پمپس کی ممکنہ بندش کا خطرہ منڈلانے لگا۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت سے قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کا نظام ختم کرکے ہر 15 روز بعد قیمتوں میں ردوبدل کرنے کا مطالبہ کردیا۔پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی سے کاروباری معاملات شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ قیمتوں میں کمی کی صورت میں ڈیلرز کو مہنگے داموں خریدا گیا پیٹرول کم قیمت پر فروخت کرنا پڑتا ہے، جس کے باعث انہیں مالی نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔ڈیلرز کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں بار بار تبدیلی کے باعث کاروباری منصوبہ بندی کرنا مشکل ہو گیا ہے، جبکہ موجودہ نظام میں انہیں اپنے منافع اور سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل کا سلسلہ ختم کرکے سابقہ طریقہ کار کے تحت ہر 15 روز بعد قیمتوں کا تعین کیا جائے۔
ایسوسی ایشن نے پیٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز کا منافع بڑھا کر 8 فیصد کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ ڈیلرز کا مؤقف ہے کہ حکومت کی جانب سے ان کے مسائل حل کرنے کے لیے زبانی یقین دہانیاں تو کرائی گئیں، تاہم عملی طور پر کوئی مؤثر پیش رفت نہیں ہوئی۔پیٹرولیم ڈیلرز نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے اور موجودہ صورتحال برقرار رہی تو وہ ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کرنے پر مجبور ہو سکتے ہیں، جس سے عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔دوسری جانب پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے آج پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کیا ہے، جس میں روزانہ قیمتوں میں تبدیلی کے نظام پر اپنے تحفظات اور دیگر مطالبات تفصیل سے پیش کیے جائیں گے۔