منشیات کے دو مقدمات، انمول عرف پنکی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد، صحت جرم سے انکار

منشیات کے دو مقدمات، انمول عرف پنکی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد، صحت جرم سے انکار

کراچی: صوبائی کنٹرول آف نارکوٹکس عدالت نے منشیات کے مقدمات میں ملزمہ انمول عرف پنکی اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی، تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

 عدالت نے گواہوں اور تفتیشی افسر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی سینٹرل جیل کے انسداد دہشت گردی کمپلیکس میں قائم صوبائی کنٹرول آف نارکوٹکس عدالت نمبر 2 میں انمول عرف پنکی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف منشیات کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔سماعت کے دوران جیل حکام نے ملزمہ انمول عرف پنکی کو عدالت میں پیش کیا۔ مقدمے میں دیگر ملزمان محمد عباد اور عزیر الرحمان بھی نامزد ہیں۔عدالت نے تمام ملزمان پر فرد جرم عائد کی، تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے اپنے خلاف الزامات تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔ملزمان کی جانب سے صحت جرم سے انکار کے بعد عدالت نے تفتیشی افسر اور استغاثہ کے گواہوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیا۔ عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کردی۔پولیس کے مطابق اس مقدمے میں ملزمان کے خلاف تھانہ ڈیفنس میں منشیات سے متعلق مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

انمول پنکی کے خلاف منشیات کا ایک اور مقدمہ بھی زیر سماعت

دوسری جانب صوبائی کنٹرول آف نارکوٹکس عدالت نمبر 2 میں ملزمہ انمول عرف پنکی اور دیگر کے خلاف منشیات کے ایک دوسرے مقدمے کی بھی سماعت ہوئی۔اس مقدمے میں بھی جیل حکام نے ملزمہ انمول عرف پنکی کو عدالت میں پیش کیا، تاہم سماعت کے دوران استغاثہ کے گواہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔عدالت نے گواہوں کی عدم حاضری پر آئندہ سماعت کے موقع پر ان کی پیشی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کردی۔پولیس کے مطابق منشیات کا یہ مقدمہ تھانہ گارڈن میں درج کیا گیا تھا۔