کراچی: صوبائی انسداد منشیات عدالت نے مبینہ ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی اور دیگر ملزمان کے خلاف منشیات برآمدگی کے ایک اور مقدمے میں فرد جرم عائد کردی، تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا، جس پر عدالت نے استغاثہ کے گواہوں کو 23 نومبر کو طلب کرلیا۔
کراچی سینٹرل جیل کے انسداد دہشت گردی کمپلیکس میں قائم صوبائی انسداد منشیات عدالت میں منشیات برآمدگی کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ اس موقع پر جیل حکام نے ملزمہ انمول عرف پنکی کو عدالت میں پیش کیا۔دورانِ سماعت عدالت نے ڈیفنس تھانے میں درج مقدمے میں انمول پنکی اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے انہیں الزامات پڑھ کر سنائے۔ ملزمان کی جانب سے صحت جرم سے انکار کے بعد عدالت نے استغاثہ کے گواہوں کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔استغاثہ کے مطابق انمول عرف پنکی، اس کے شریک ملزمان عباد اور عزیز الرحمان کے خلاف رواں سال ڈیفنس تھانے میں منشیات برآمدگی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
مقدمے کے مطابق پولیس نے مشکوک افراد کو روکنے کی کوشش کی تو ایک شریک ملزم مبینہ طور پر منشیات پھینک کر فرار ہوگیا، جبکہ موٹر سائیکل چلانے والے ملزم عباد کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے بھی ایک کلو چرس برآمد ہوئی تھی۔استغاثہ کا مؤقف ہے کہ ملزمان نے دورانِ تفتیش بیان دیا تھا کہ برآمد ہونے والی منشیات ملزمہ انمول عرف پنکی نے فراہم کی تھیں۔ شریک ملزمان کے بیانات کی روشنی میں انمول پنکی کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا تھا۔