لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار، فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی

لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار، فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی

لاہور میں فضائی آلودگی اور سموگ کی شدت میں ایک بار پھر خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا، لاہور دنیا بھر کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا۔

 شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 279 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی شرح انتہائی تشویشناک سطح تک پہنچ گئی۔فضائی آلودگی کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق علامہ اقبال ٹاؤن میں ایئر کوالٹی انڈیکس 601 ریکارڈ کیا گیا، جو انتہائی خطرناک سطح کو ظاہر کرتا ہے۔ اسی طرح سی ای آر پی آفس میں اے کیو آئی 579 جبکہ برکی روڈ اور پیراگون کے علاقوں میں 541 ریکارڈ کیا گیا۔اعداد و شمار کے مطابق ماڈل ٹاؤن میں فضائی آلودگی کا انڈیکس 308، بیدیاں روڈ پر 293 جبکہ عسکری 10 میں 192 ریکارڈ کیا گیا۔ مختلف علاقوں میں آلودگی کی بلند شرح کے باعث شہریوں کو صحت کے حوالے سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ماہرین کے مطابق فضائی آلودگی کی بلند سطح انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ہے، خصوصاً بچے، بزرگ اور سانس یا دل کے امراض میں مبتلا افراد زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں۔

شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز، باہر جاتے وقت حفاظتی ماسک استعمال کرنے اور کھلی فضا میں جسمانی سرگرمیاں محدود رکھنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔دوسری جانب لاہور میں موسم کی صورتحال کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 جبکہ کم سے کم 13 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق ہوا کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جبکہ شہر میں فی الحال بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔