لاہورمیں فضائی آلودگی کی صورتحال مزید تشویشناک ہو گئی، لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر برقرار ہے۔
شہر میں اسموگ اور آلودہ فضا کے باعث شہریوں کو مختلف طبی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک سطح پر پہنچ گیا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق لاہور کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 378 ریکارڈ کیا گیا، جو صحت کے لیے انتہائی مضر قرار دیا جاتا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی شرح میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ برکی روڈ کا ایئر کوالٹی انڈیکس 549 ریکارڈ کیا گیا، جو انتہائی خطرناک سطح کی نشاندہی کرتا ہے، جبکہ علامہ اقبال ٹاؤن میں 529 اور کینٹ کے علاقے میں 485 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔اسی طرح بیدیاں روڈ میں فضائی آلودگی کا انڈیکس 388، ماڈل ٹاؤن میں 298 اور ڈی ایچ اے میں 297 ریکارڈ کیا گیا۔ مختلف علاقوں میں آلودگی کی اس بلند شرح کے باعث شہریوں کی صحت کو لاحق خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا مطلع صاف ہے اور شہر میں درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ موسم کا موجودہ درجہ حرارت کم ہونے کے باوجود فضائی آلودگی کی صورتحال میں بہتری نظر نہیں آ رہی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں فی الحال بارش کا کوئی امکان نہیں، جبکہ ہوا کی رفتار 2 کلومیٹر فی گھنٹہ اور ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔طبی ماہرین کے مطابق فضائی آلودگی اور اسموگ کے باعث شہریوں کو سانس لینے میں دشواری، کھانسی، گلے میں خراش، آنکھوں میں جلن اور سانس کی بیماریوں کا سامنا ہو سکتا ہے۔ خصوصاً بچے، بزرگ اور پہلے سے سانس یا دل کے امراض میں مبتلا افراد زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔طبی ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنے، باہر جاتے وقت مناسب حفاظتی ماسک استعمال کرنے اور گھروں کی کھڑکیاں اور دروازے بند رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کو یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ فضائی آلودگی کی بلند سطح کے دوران کھلی فضا میں ورزش اور جسمانی سرگرمیوں سے گریز کریں۔