لاہور میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آ گیا

لاہور میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آ گیا

لاہور میں فضائی آلودگی کی شرح ایک بار پھر خطرناک حد تک بڑھ گئی، جس کے باعث لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گیا۔

 شہر کی فضا میں آلودگی کے بڑھتے ہوئے تناسب نے شہریوں کی صحت سے متعلق خدشات میں اضافہ کر دیا ہے۔فضائی آلودگی کے اعداد و شمار کے مطابق لاہور کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 284 ریکارڈ کیا گیا، جو فضا کے غیر صحت بخش ہونے کی نشاندہی کرتا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی شرح میں نمایاں فرق دیکھا گیا، تاہم متعدد مقامات پر ایئر کوالٹی انڈیکس انتہائی بلند سطح پر پہنچ گیا۔اعداد و شمار کے مطابق سی ای آر پی آفس کے علاقے میں فضائی آلودگی کی شرح سب سے زیادہ 473 ریکارڈ کی گئی، جبکہ علامہ اقبال ٹاؤن بی اسٹیشن پر اے کیو آئی 420 رہا۔ اسی طرح اے آر ایم اسٹیشن پر 308، اے آر سی لاہور میں 282 اور ماڈل ٹاؤن اے بلاک میں 273 ریکارڈ کیا گیا۔مزید اعداد و شمار کے مطابق کینٹ کے علاقے میں فضائی آلودگی کی شرح 260، بیدیاں روڈ پر 247، ڈی ایچ اے فیز فائیو بی بلاک میں 220 جبکہ عسکری 10 میں اے کیو آئی 188 ریکارڈ کیا گیا۔

ماہرین کے مطابق فضائی آلودگی میں اضافے کے باعث شہریوں کو سانس لینے میں دشواری، آنکھوں میں جلن، گلے کی خراش اور دیگر طبی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ خصوصاً بچے، بزرگ اور سانس یا دل کے امراض میں مبتلا افراد آلودہ فضا سے زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ رکھتے ہیں۔طبی ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، باہر نکلتے وقت معیاری حفاظتی ماسک کا استعمال کریں اور کھلی فضا میں زیادہ دیر قیام کرنے سے اجتناب کریں۔ماہرین نے مزید کہا ہے کہ شہری گھروں اور دفاتر کی کھڑکیاں بند رکھیں، آلودگی کے شدید اوقات میں بیرونی جسمانی سرگرمیوں سے گریز کریں اور سانس لینے میں دشواری یا دیگر علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طبی مشورہ حاصل کریں۔