استنبول(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف و انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ کی قیادت میں پاکستانی وفد نے ترکیہ کے شہر استنبول میں منعقدہ ساتویں عالمی ویمن سمٹ میں شرکت کی، جہاں خواتین اور بچیوں کے حقوق کے تحفظ، انہیں بااختیار بنانے، مساوی مواقع کی فراہمی اور پاک ترکیہ تعاون کے فروغ سے متعلق امور زیرِ بحث آئے۔ساتویں عالمی ویمن سمٹ کا انعقاد ترکیہ کی وزیر برائے خاندانی و سماجی خدمات ماہینور اوزدمیر گوکتاش کی میزبانی میں کیا گیا، جس میں مختلف ممالک کے وفود نے شرکت کی۔ کنوینئر برائے جینڈر مین اسٹریمنگ سارہ احمد بھی پاکستانی وفد کے ہمراہ سمٹ میں شریک ہوئیں۔وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے خواتین کو بااختیار بنانے، مساوی حقوق، تعلیم اور معاشی خودمختاری کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خواتین کو مساوی حقوق، باوقار مقام اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کی سیاسی، معاشی، سماجی اور پیشہ ورانہ شعبوں میں بھرپور شمولیت پاکستان کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، خواتین کو تعلیم، روزگار، معاشی خودمختاری اور فیصلہ سازی کے عمل میں مؤثر نمائندگی کے مواقع فراہم کرنا ناگزیر ہے